Saturday 10 December 2022

یہ تری آنکھوں کی بے زاری یہ لہجے کی تھکن

 تو بہتر ہے یہی

یہ تِری آنکھوں کی بے زاری یہ لہجے کی تھکن 

کتنے اندیشوں کی حامل ہیں یہ دل کی دھڑکنیں 

پیشتر اس کے کہ ہم پھر سے مخالف سمت کو 

بے خدا حافظ کہے چل دیں، جھکا کر گردنیں 

آؤ اس دُکھ کو پکاریں جس کی شدت نے ہمیں 

اس قدر اک دوسرے کے غم سے وابستہ کیا 

وہ جو تنہائی کا دُکھ تھا تلخ محرومی کا دُکھ 

جس نے ہم کو درد کے رشتے میں پیوستہ کیا 

وہ جو اس غم سے زیادہ جاں گسل قاتل رہا 

وہ جو اک سیل بلا انگیز تھا اپنے لیے 

جس کے پل پل میں تھے صدیوں کے سمندر موجزن 

چیختی یادیں لیے اُجڑے ہوئے سپنے لیے 

میں بھی ناکامِ وفا تھا تو بھی محروم مراد 

ہم یہ سمجھے تھے کہ درد مشترک راس آ گیا 

تیری کھوئی مسکراہٹ قہقہوں میں ڈھل گئی 

میرا گم گشتہ سکوں پھر سے مِرے پاس آ گیا 

تپتی دوپہروں میں آسودہ ہوئے بازو مِرے 

تیری زُلفیں اس طرح بکھریں گھٹائیں ہو گئیں 

تیرا برفیلا بدن بے ساختہ لو دے اُٹھا 

میری سانسیں شام کی بھیگی ہوائیں ہو گئیں 

زندگی کی ساعتیں روشن تھیں شمعوں کی طرح 

جس طرح سے شام گزرے جگنوؤں کے شہر میں 

جس طرح مہتاب کی وادی میں دو سائے رواں 

جس طرح گھنگھرو چھنک اُٹھیں نشے کی لہر میں 

آؤ یہ سوچیں بھی قاتل ہیں، تو بہتر ہے یہی 

پھر سے ہم اپنے پرانے زہر کو امرت کہیں 

تُو اگر چاہے تو ہم اک دوسرے کو چھوڑ کر 

اپنے اپنے بے وفاؤں کے لیے روتے رہیں


احمد فراز

No comments:

Post a Comment