Saturday 17 December 2022

صرف دن پر ہی یہ الزام نہیں ہے مرے دوست

 صرف دن پر ہی یہ الزام نہیں ہے مِرے دوست

مہلتِ شب میں بھی آرام نہیں ہے مرے دوست

عشق کی راہ پہ رہبر کے قدم مل جانا

ایک آغاز ہے، انجام نہیں ہے مرے دوست

چھوڑ کر مجھ کو کسی اور کا ہو جا، لیکن

اتنا آسان بھی یہ کام نہیں ہے مرے دوست

بس تجھے آنکھوں سے میں دور نہیں کر سکتا

میرے جذبے کا کوئی نام نہیں ہے مرے دوست

تجھ کو احساس دلانا تھا، سو پتھر پھینکا

یہ کسی جنگ کا پیغام نہیں ہے مرے دوست

محضر عشق میں زخموں کی سلامی ہے صلہ

یاں، کوئی تمغہ و انعام نہیں ہے مرے دوست

تشنگی ڈھونڈ رہی ہے مجھے ساحل ساحل

میرے ہاتھوں میں کوئی جام نہیں ہے مرے دوست


توقیر رضا

No comments:

Post a Comment