Friday, 17 March 2023

ہم جو ہوتے ہیں کسی یاد کے باندھے ہوئے لوگ

 ہم جو ہوتے ہیں کسی یاد کے باندھے ہوئے لوگ 

ہم پہ الزامِ وفا یوں بھی بہت جچتا ہے

ہم کہ لوگوں میں علی بانٹے ہی اتنا گئے ہیں

وقت اپنے لیے بچتا ہے تو کم بچتا ہے 

ہم نے تردیدِ ملامت تو کبھی کی ہی نہیں 

جب کوئی لفظ کہا بھی ہے تو سینے سے کہا 

صبر کی داد کبھی غیر سے مانگی ہی نہیں 

آہ مولا نے سنی، حال مدینے سے کہا 

شاہ منصور کی آنکھوں کا اشارہ جو ہوا

ہم نے بازار میں بلھے کی طرح رقص کیا

دعوئِ فقر، نہ اعلان ولایت ہم کو

آئینے جانتے ہیں ہم نے کسے عکس کیا 

خانۂ ہجر میں ہجرت سے بنا چاک تو ہے 

قیمتی گر نہ سہی عشق کی پوشاک تو ہے 

دستِ کم ظرف کجا، نسبتِ شہہ حرف کجا 

اپنے حصے میں علی مملکتِ خاک تو ہے 

ایک ہی در ہے کہ ہم جس کے گدا ہیں بابا 

غور سے دیکھ کہ ہم کس میں فنا ہیں بابا


علی زریون

No comments:

Post a Comment