محبوب جگہ
وہاں رہو
جہاں کے رستے تمہیں زبانی یاد ہوں
اور جس راستے سے چاہے گھر آ سکو
وہاں رہو
جہاں بے دھڑک بات کر سکو
اور لوگ تمہاری بیوقوف سی بیوقوف بات پہ ہنس دیں
وہاں رہو
جہاں ہنسی کا رزق وافر ہو
لوگ ہونٹوں سے ہونٹ جوڑ کر قہقہہ سلگا سکیں
وہاں رہو
جہاں کے لوگوں کی شکل دیکھ کر انہیں پہچان لو
جہاں کے پھلوں کو سونگھ کر ان کا ذائقہ جان لو
وہاں رہو
جہاں آسمان کی رنگت دیکھ کر موسم بتا سکو
اور زمین کی رنگت سے اپنا چہرہ ملا سکو
وہاں رہو
جہاں تمہارے بچے آزادی سے جی سکیں
جہاں انہیں محبت سکھائی جاۓ
وہاں رہو
جہاں عمر محض دن گننے کی گنتی نہ ہو
وہاں رہو
جہاں پرندے ہوں، درخت ہوں
لوگ فطرت کو مقدس سمجھیں اور
اپنے جوتوں سے گھاس کو گندہ نہ کریں
وہاں رہو
جہاں سے تم ایک دوسرے میں سے
درخت کی طرح سے پھوٹ سکو
وہاں رہو
جہاں تمہارے قدموں کی آواز سے
تمہیں کوئی پہچان سکتا ہو
اور تمہاری آنکھوں میں تمہارے دل کا راز جان لے
وہاں رہو
جہاں تمہاری محبوب عورت رہتی ہو
طاہر راجپوت
No comments:
Post a Comment