Thursday, 20 April 2023

دل روح تک اداس ہے اور چاند رات ہے

تمام احباب کو عید مبارک 


 دل روح تک اداس ہے اور چاند رات ہے

اک بد ترین یاس ہے، اور چاند رات ہے

وہ آخری ٹرین میں بیٹھا ہوا ہو گا

پر یہ تو بس قیاس ہے اور چاند رات ہے

دل کا سکوں، جگر کا سکوں، ذہن کا سکون

سب کچھ تو اس کے پاس ہے اور چاند رات ہے

بادل نے تشنگی کو کئی چند کر دیا

اوپر سے من کی پیاس ہے اور چاند رات ہے

ٹھنڈی ہوا کا پہرہ ہے یادوں کے شہر میں

ہر زخم بے لباس ہے،اور چاند رات ہے

کچھ لوگ چاند رات میں لوٹیں گے پیار سے

جو کچھ بھی اپنے پاس ہے اور چاند رات ہے

اشکوں نے صف بنائی ہے وہ بھی بہت طویل

اک سال کی بھڑاس ہے اور چاند رات ہے

شب دیدہ جنگلات سے لاتے ہو جو حِنا

اس میں لہو کی باس ہے اور چاند رات ہے

اک وعدہ اس کی دید کا، اک پڑیا زہر کی

دونوں کی یکساں آس ہے اور چاند رات ہے

کچھ لیلیٰ کو جنون ہے تقسیمِ زخم کا

کچھ قیس غم شناس ہے اور چاند رات ہے


شہزاد قیس

No comments:

Post a Comment