Monday, 15 May 2023

وہ جنگ تھی یا کھیل جنوں کھا گیا اعصاب

 وہ جنگ تھی یا کھیل جنوں کھا گیا اعصاب

باقی نہیں جینے کی رمق لہجے ہیں برفاب

حاکم کے لیے موت ہے وہ دورِ حکومت

جس میں نہ رہے فرق پسینہ ہے کہ ہے آب

بڑھتی ہی چلی جاتی ہے جم خانوں کی رونق

ویران مساجد ہوئیں، چپ منبر و محراب

زلفوں کو ہے چہرے سے ہٹاتا ہوا محبوب

لگتا ہے مجھے ابر سے لڑتا ہوا مہتاب

دروازے پہ جا جا کے تجھے دیکھتے رہنا

شاید کوئی اپنا چکے ہم صورتِ سیماب

بچپن کے بڑھاپے کے حقائق سے کہیں دور

اُلفت ہے جوانی کے فسانے کا حسیں باب

دیکھا تجھے غیروں کے جو پہلو میں لگا یوں

جیسے کسی چہرے پہ کوئی پھینک دے تیزاب

اغیار کے چہروں پہ شرارت کی جھلک ہے

معلوم نہیں آج ہمیں نیتِ احباب

احمد! تمہیں پاگل ہی کہے گا یہ زمانہ

دیکھو گے اگر جاگتی آنکھوں سے کوئی خواب


شکیل احمد

No comments:

Post a Comment