Monday, 15 May 2023

کبھی جو اس میں رسول کا نقش پا ملا ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت مقبت


کبھی جو اس میں رسول کا نقشِ پا ملا ہے

ہمارے دل کو مقامِ غارِ حِرا ملا ہے

عجیب سر ہے کہ عرش تک سرفراز ٹھہرا

عجیب در ہے کہ اس پر آ کر خدا ملا ہے

میں تیری مدحت کو کس بلندی حرف پر سوچوں

تُوﷺ انبیاء کے ہجوم میں بھی جدا ملا ہے

نہ پوچھ تجھ پر سلام کہنے میں کیا کشش تھی

کہیں خدائی، کہیں خدا ہمنوا ملا ہے

میں تیرے دامن کا سایہ اوڑھے جو شب کو نکلا

تو روشنی سے اٹا ہوا راستہ ملا ہے

دل شکستہ سے عرش تک ہے تیری رسائی

کہاں سے چل کر کہاں تیرا سلسلہ ملا ہے

عطا ہو بخشش وگرنہ دنیا یہ پوچھی ہے

کہ بول پیاسے تجھے سمندر سے کیا ملا ہے

میری نگاہوں میں منصب تاج و تخت کہاں ہیں

کہ فقر تیرے کرم سے بے انتہا ملا ہے

یہ ناز ہے امتی ہوں میں اس نبیﷺ کا محسن

جسے نواسہ حسینؑ سا لاڈلا ملا ہے


محسن نقوی

No comments:

Post a Comment