Monday, 2 October 2023

محل سرا کا جو نقشہ دکھائی دیتا ہے

 محل سرا کا جو نقشہ دکھائی دیتا ہے

امیرِ شہر بھی جاتا دکھائی دیتا ہے

وہ کہہ رہے ہیں سرابِ نظر ہے کچھ بھی نہیں

مجھے تو آنکھ میں دریا دکھائی دیتا ہے

ذرا جو غور سے دیکھیں تو لامکان سے بھی

مِرے مکان کا ملبہ دکھائی دیتا ہے

یہی وہ دشتِ گماں ہے چلے چلو کہ یہاں

سفر کے بعد ہی رستہ دکھائی دیتا ہے

عجیب کام ہے اے ہمدمو! یہ کارِنفس

رکا ہوا بھی یہ ہوتا دکھائی دیتا ہے

مجھے یقیں ہے یہاں کا بنا ہوا ہی نہیں

اس آئینے میں زمانہ دکھائی دیتا ہے

تمام رات ہیولے سے رقص کرتے ہیں

کسی کسی کا سراپا دکھائی دیتا ہے

رعایا جتنے بھی چاہے عذاب میں ہو مگر

جہاں پناہ کو اچھا دکھائی دیتا ہے

سنا یہی ہے ابھی ختم ہونے والا نہیں

یہاں جو روز تماشا دکھائی دیتا ہے


طارق نعیم

No comments:

Post a Comment