Monday, 16 October 2023

ہم کھولتے ہیں راز کہ کس سے ہے کیا مراد

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہم کھولتے ہیں راز کہ کس سے ہے کیا مُراد

نعتِ رسولﷺ سے ہے ثنائے خدا مراد

مدّاحئ نبیﷺ کو کِیا جس نے اِختیار

وہ شخص کامگار ہے، وہ شخص با مراد

اللہ کے کرم کی ہے تعمیم جس جگہ

اے دوستو! ہے اس سے عرب کی فضا مراد

منزل نہیں ہے جس کی مدینے کی سر زمیں

لاریب، راہرو وہ ہے ناکام و نامراد

ہر چیز اس کے زیرِ قدم ہے جہان کی

مانگے گا کیا حضورﷺ کا مِدحت سرا مراد

ظاہر ہوا ہے آیۂ مَا ینُطِقُ سے راز

ہے گفتۂ رسولﷺ سے وحئ خدا مراد

محمود اپنا دین ہے اُلفت حضورﷺ کی

آقاﷺ سے ہے وسیلہ قُربِ خدا مراد


راجا رشید محمود

No comments:

Post a Comment