عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
دل آپﷺ پر تصدق جاں آپﷺ پر سے صدقے
آنکھوں سے سر ہے قرباں آنکھیں ہیں سر سے صدقے
کہتے ہیں گرد عارض باہم یہ دونوں گیسو
میں ہوں اِدھر سے صدقے تو بھی اُدھر سے صدقے
کہتا ہے مہر و مہ سے رُخ دیکھ کر نبیﷺ کا
تو شام سے ہے قرباں میں ہوں سحر سے صدقے
ناف زمیں ہے شہﷺ کا مانند کعبہ روضہ
شرقی اِدھر سے قرباں غربی اُدھر سے صدقے
بولے ملک جو آدمؑ نازاں ہوئے ولا پر
تم آج ہو فدائی ہم پیشتر سے صدقے
جو مال امیر کا ہے مالک ہیں آپﷺ اس کے
دل آپؐ پر سے صدقے جاں آپؐ پر سے صدقے
امیر مینائی
No comments:
Post a Comment