Monday 17 June 2024

تاریخ ظلم لکھ کہ رہے یہ بھی یادگار

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


تاریخ ظلم لکھ کہ رہے یہ بھی یادگار

اشکِ غمِ حسینؑ سے دل کا دھلے غبار

سینہ زنی سے چاک گریباں ہو تار تار

جان نبیﷺ کے غم میں نہ دل کو رہے قرار

اس داستانِ غم کے بیاں میں وہ زور ہو

آہ و فغاں کا گنجِ شہیداں میں شور ہو


سادات بھوکے پیاسے تھے عشرہ کا روز تھا

ہر شخص تھا حسینؑ کے غم میں برہنہ پا

پڑھتا تھا کوئی نوحہ کوئی کرتا تھا بکا

اس وقت ظلم کی ہوئی، ناگاہ ابتدا

فطری حسد نے عقل کچھ ایسی بگاڑ دی

تخریب کار قوم نے بستی اجاڑ دی


تھے سب وہ گلبدن چمن مصطفیٰﷺ کے پھول

ان کا لہو بہا کے، عمل ہو گا کچھ قبول

پهر کیا کہو گے حشر میں پوچھیں گی گر بتول

کیوں مارا بے گناہوں کو اے فرقہ جہول

روز جزا جو حق کی عدالت میں جاؤ گے

جس کے ہو کلمہ گو اسے کیا منہ دکھاؤ گے


حق کے عزیز، یوسفِ یثرب کے جاں نثار

ایماں کی اصل، صاحب دیں، فخرِ روزگار

ایسے کریم بخش دیں اونٹوں کی جو قطار

نازل ہوئے ہیں مدح میں آئے بہ افتخار

احمدﷺ بہ فیض حق، جو حبیب خدا ہوئے

حیدرؑ بھی دو جہاں کے مشکل کشا ہوئے


فیض بھرتپوری

No comments:

Post a Comment