Friday, 14 June 2024

عجب حال ہے میرے دل کی خوشی کا

 عجب حال ہے میرے دل کی خوشی کا

ہوا ہے کرم مجھ پہ جب سے کسی کا

محبت مِری یہ دُعا مانگتی ہے

تِرے ساتھ طے ہو سفر زندگی کا

نہ دو مجھ کو پیغامِ ترکِ تعلق

کچھ احساس کر لو مِری بے بسی کا

مِرا دل نہ توڑو ذرا اتنا سوچو

مناسب نہیں توڑنا دل کسی کا

تمہیں اب ترس مجھ پہ آیا تو کیا ہے

بھروسہ نہیں اب کوئی زندگی کا

ابھی آپ واقف نہیں دوستی سے

نہ اظہار فرمائیے دوستی کا

نہ آنا صبا اُن کی باتوں میں ہرگز

نہیں ہے جہاں میں بھروسہ کسی کا


صبا بلرامپوری

صبا بلرام پوری

No comments:

Post a Comment