Tuesday 18 June 2024

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

عدم کو جس نے وجود بخشا

وجود کو پھر نمود بخشا

نمود کو تازگی عطا کی

عطا کی حد حشر سے ملا دی

ہر ایک ذرہ کو زندگی دی

شعور کو جس نے آگہی دی

وہ جس کا ہر شے پہ نام ہے کندہ

وہ کون ہے جس کا میں ہوں بندہ

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

یہ آسماں یہ برستا ساون

یہ لہلہاتا مہکتا گلشن

یہ سبزہ و گل کا نرم بستر

یہ کہکشاں کی حسین چادر

یہ چاند سورج چمکتے تارے

حسین قدرت کے یہ نظارے

دمکتے ہیں کس کی چاہ میں یہ

مہکتے ہیں کس کی راہ میں یہ

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

وہ نور جس میں ہے نور اس کا

وہ فہم جس میں شعور اس کا

وہ آنکھ جس سے وہ دیکھتا ہے

زبان جس سے وہ بولتا ہے

جو جلوہ نور کبریا ہے

تمام عالم کا آسرا ہے

زمیں پہ رحمت کا آسماں ہے

فلک پہ کس کا وہ مہماں ہے

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

زمین ہے نہ یہ آسماں ہے

عجیب عالم عجب سماں ہے

نہاں نہیں ہے نہ وہ عیاں ہے

ہے کوئی موجود پر کہاں ہے

ادھر یقیں ہے ادھر گماں ہے

بس ایک پردہ سا درمیاں ہے

نکل رہے ہیں یہ کس کے بازو

سمٹ رہی ہے حد من و تو

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

محمدؐ مصطفیٰﷺ سے پہلے

قدم کسی کے یہاں نہ پہنچے

یہاں سے بھی کچھ ذرا سا آگے

جہاں پہ جلوے ہیں لا مکاں کے

جو نطق کو ساز دے رہا ہے

نبیﷺ کو آواز دے رہا ہے

شناسا لگتا ہے لہجہ جس کا

یہ کون ہے کیا ہے نام اس کا

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

یہاں میانے خدائے بندہ

وجود ممکن نہیں کسی کا

یہاں سے مہماں کا ساتھ دینے

نبی کے ہاتھوں میں ہاتھ دینے

جو نور پیکر میں ڈھل رہا ہے

یہ ہاتھ جس کا نکل رہا ہے

خدا نما ہے کہ یہ خدا ہے

خدا نہیں ہے تو اور کیا ہے

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

خدایا مجھ کو معاف کردے

نگاہ میں حق کا نور بھردے

یہ پردہ درمیاں اٹھا دے

حقیقت مرتضیٰ دکھا دے

حبیب کا واسطہ ہے تجھ کو

الٰہی اتنا بتا دے مجھ کو

جو تجھ سے منسوب تیرا در ہے

تیرا ہی ہے یا علیؑ کا گھر ہے

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

مکاں ہے یہ کہ لا مکاں ہے

کسے پتا تیری حد کہاں ہے

کوئی نہیں اور جس سے پوچھے

نہ تجھ سے پوچھوں تو کس سے پوچھوں

گھٹا کی صورت میں لوگ گھر کے

جدار کعبہ کے گرد پھر کے

یہ کس کو سجدہ گزارتے ہیں

یہ کس کو آخر پکارتے ہیں

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

ندا یہ آئی نہ بہکو اتنا

زباں کھولو ہے علم جتنا

وہ بستر نور جس پہ سو کر

وہ ہاتھ جن پر بلند ہو کر

زمین سے میں آسماں ہوا ہوں

ورائے وہم و گماں ہوا ہوں

وہ اصل ہے اور اصول ہوں میں

شریک نُور رسولؑ ہوں میں

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں

وہ نور میں جب کہ ڈھل رہا تھا

میں ساتھ کروٹ بدل رہا تھا

فلک سے جب وہ زمیں پہ آیا

میں آيا ساتھ اس کے بن کے سایا

وہ عرش پہ جب کہ مہماں تھا

وہاں پہ میں شکل میزباں تھا

کہیں پہ چھوڑا نہ ساتھ اس کا

ہے کب سے ہاتھوں میں ہاتھ اس کا

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں

یہ سوچتا ہوں کبھی کبھی میں


علی محمد رضوی

No comments:

Post a Comment