Monday, 19 August 2024

یہ ہیں سادھو رام پکے چالباز

 حکایت نامۂ اسم


یہ ہیں سادھو رام پکے چالباز

وہ ہیں عبداللہ پڑھیں کیونکر نماز

نین سُکھ ہیں جنم سے ہی سُور داس

اور خوش دل رام ہیں تصویرِ یاس

رستم و سُہراب ہیں کتنے نحیف

واہ مسٹر ینگ اور اتنے ضعیف

یہ ہیں تاج الدین اور لا دین ہیں

سیٹھ بنسی دھر کو دیکھو بین ہیں

ہیں بہت بھولے شری چتری حضور

کچھ سیہ فاموں کا دیکھا نام نور

عقل سے پیدل ملے ہم کو عقیل

خر کو دیکھا بول اٹھے فیل فیل

کیوں ابھی ہو جائے یہ قصہ تمام

کچھ حسیناؤں کا آئے اس میں نام

نام ان کا رکھ دیا نورِ جہاں

جن کے آگے ماند ہیں تاریکیاں

ودیا دیوی رکھا ہے ان کا نام

علم سے مطلب نہ جن کو اور نہ کام

ہو چکیں بچپن سے اب کوسوں جو دور

اب بھی کہتے ہیں انہیں بے بی حضور

زندگی عُسرت میں کاٹیں خوش نصیب

دوستو! یہ بات ہے کتنی عجیب

شانتی دیوی بھی اک بھونچال ہیں

یہ سمجھ لو بِن بُلایا کال ہیں

بی غریباً ہیں کروڑوں میں رئیس

نام فیاضی طبیعت سے خسیس

سندری دیوی کے گھر جب میں گیا

جب وہ آئیں سامنے، میں ڈر گیا

الغرض یہ کہ جہاں دیکھیں جناب

پائیں گے ایسے عجوبے بے حساب

سوچتا ہوں لوگ اب ایسا کریں

نام کے بدلے وہ نمبر رکھیں

سب سے بہتر ہے یہ ہی اک قاعدہ

ہے حکومت کا بھی اس میں فائدہ


ساجد شاہجہانپوری

No comments:

Post a Comment