Sunday, 18 August 2024

ذکر سرکار سے چہرے پہ خوشی آتی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ذکرِ سرکارؐ سے چہرے پہ خوشی آتی ہے

منہ میں گویا کوئی مصری کی ڈلی آتی ہے

رت جگا روز ہی ہوتا ہے مدینے کے لیے 

نیند امیدِ زیارت پہ کبھی آتی ہے

رشک کرتی ہیں مِرے خواب نگر پر آنکھیں

خواب میں جوں ہی مدینے کی گلی آتی ہے

ایک آتا ہے مِرے دل میں مدینے کا خیال

اور اک یاد مدینے کی بڑی آتی ہے

نقش کرتا ہوں میں قرطاس پہ دل کی دھڑکن

لوگ کہتے ہیں مجھے نعت گری آتی ہے

کپکپاتے ہوئے ہونٹوں پہ اترتے ہیں سلام

جب درِ نور سے رخصت کی گھڑی آتی ہے

جس نے اللہ کے محبوب کا در چھوڑ دیا

اس کے حصے میں فقط در بہ دری آتی ہے

نعت ہو جاتی ہے اشفاق مداوائے خطا

نعت کہنے سے گناہوں میں کمی آتی ہے


اشفاق احمد غوری

No comments:

Post a Comment