Sunday 18 August 2024

بڑھا ہوا مرا ایمان آج کی شب ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


بڑھا ہوا مِرا ایمان، آج کی شب ہے

قسم خدا کی یہ ایقان، آج کی شب ہے

صمیمِ قلب سے شب بھر خدا کا ذکر کرو

نزولِ رحمتِ رحمان، آج کی شب ہے

تِرے کرم سے تِری بخشش و عنایت سے

بھرا ہوا مِرا دامان، آج کی شب ہے

وہ عفو خُو ہے رحیم و کریم ہے بے حد

مزید ہم پہ یہ احسان، آج کی شب ہے

دُعا کرو کہ عبادت قبول ہو جائے

خدا کے لطف کا سامان، آج کی شب ہے

گُناہگار پشیماں نہیں تو فکر کرے

لگی ہوئی کہیں میزان، آج کی شب ہے

جو رات دن مِرے آقاؐ پہ بھیجتے ہیں درود

اُنہی سے خُلد کا پیمان، آج کی شب ہے

نصیب سب کے کھلیں گے، اُسی سے مانگو تم

کہ مہربان وہ سلطان، آج کی شب ہے

خدا کا خاص کرم اُمتِ نبیﷺ پر ہے

مزید اُس پہ، یہ فیضان، آج کی شب ہے

کھلے ہیں آج خزانوں کے منہ بڑھو زینب

بس ایک رات کی مہمان، آج کی شب ہے


سیدہ زینب سروری

No comments:

Post a Comment