Saturday, 26 October 2024

یونہی امید دلاتے ہیں زمانے والے

 یونہی امید دلاتے ہیں زمانے والے

کب پلٹتے ہیں بھلا چھوڑ کے جانے والے

تُو کبھی دیکھ جھُلستے ہوئے صحرا میں درخت

کیسے جلتے ہیں وفاؤں کو نبھانے والے

ان سے آتی ہے تِرے لمس کی خوشبو اب بھی

خط نکالے ہوئے بیٹھا ہوں پرانے والے

آ کبھی دیکھ ذرا اُن کی شبوں میں آ کر

کتنا روتے ہیں زمانے کو ہنسانے والے

میرے مالک مِرے آنگن میں دیا تک بھی نہیں

سب ستارے ہیں تِرا عرش سجانے والے

بن کے تصویر جو پلکوں سے جڑے رہتے ہوں

ایسے آنسو بھلا ہوتے ہیں بہانے والے

آج بہزاد! ستارہ ہے نہ جگنو کوئی

رابطے ٹُوٹ گئے اُن سے ملانے والے


بہزاد جاذب

No comments:

Post a Comment