Monday, 21 October 2024

دل ہے ہجوم یاس کا منظر لیے ہوئے

 دل ہے ہجومِ یاس کا منظر لیے ہوئے

زانو پہ آج کس کا ہیں وہ سر لیے ہوئے

ایک ایک کر کے اٹھ گئے یارانِ بادہ نوش

ساقی کھڑا ہے بزم میں ساغر لیے ہوئے

دل ہے وہ دل کہ جس میں محبت کی چوٹ ہو

اور وہ جگر جو ہو کوئی نشتر لیے ہوئے

دل میں تِرا خیال ہے آنکھوں میں تیری شکل

یعنی میں پھرتا ہوں تجھے گھر گھر لیے ہوئے

پامال ہے جو سنگِ حوادث سے چور ہے

آیا ہوں تیری بزم میں وہ سر لیے ہوئے

خاموش ہے پہ لغزشِ پا کہہ رہی ہے صاف

دل ہے کسی کے پیار کی ٹھوکر لیے ہوئے

یوں دیکھیے کہ ہلنے کی طاقت نہیں رہی

پہلو میں ہوں ظفر دلِ مضطر لیے ہوئے


ظفر ہاشمی

No comments:

Post a Comment