Monday, 21 October 2024

ترے حرماں نصیبوں کی بھی کیا تقدیر ہے ساقی

 تِرے حرماں نصیبوں کی بھی کیا تقدیر ہے ساقی 

بہ ہر صورت وہی زنداں وہی زنجیر ہے ساقی 

شرارے زندگی کے دیکھتا ہوں راکھ میں پنہاں 

مِرے حق میں یہ خاک آشیاں اکسیر ہے ساقی 

بہار آئی ہے گلشن میں مگر محسوس ہوتا ہے 

نظارے سہمے سہمے ہیں فضا دلگیر ہے ساقی 

خوش آئے گی بھلا کیسے وہ تیرے مے پرستوں کو 

جو خاموشی حریف نالۂ شب گیر ہے ساقی 

وہ آزادی قفس میں گیت جس کے گائے جاتے تھے 

گلستاں میں وہی اب پاؤں کی زنجیر ہے ساقی 

بہار آئی قفس کے در کھلے بادل اٹھے برسے 

دعا لیکن ہماری تشنۂ تاثیر ہے ساقی 

فقط اک جرم حق گوئی کے چلتے تیری محفل میں 

تِرے آصف کی مستی موجب تعزیز ہے ساقی


سلیمان آصف

No comments:

Post a Comment