Friday, 18 October 2024

کہاں رہتا ہوں مت پوچھو مگر کچھ دیر رہنے دو

 کہاں رہتا ہوں مت پوچھو مگر کچھ دیر رہنے دو

مِری خانہ بدوشی کو ہی گھر کچھ دیر رہنے دو

اسے مل کر نجانے کیوں لگا رہتا ہے دھڑکا سا

جدائی میں محبت کا اثر کچھ دیر رہنے دو

کہیں بھی اڑ نہیں سکتے یہ بے چارے نہ گھبراؤ

قفس کے باسیوں کے بال و پر کچھ دیر رہنے دو

جنہیں تعمیر کرنے میں ہماری زندگی بیتی

کچھ ان کھنڈرات کے بھی بام و در کچھ دیر رہنے دو

ہماری آخری ہچکی کا منظر دیکھنے والو

ہماری بے بسی کو باخبر کچھ دیر رہنے دو

بہاروں سے ضرور اک دن یہ گلشن کھلکھلائے گا

خزاؤں سے ہمیں سینہ سپر کچھ دیر رہنے دو

مسیحائی طلب کرتے ہیں جو تیرے ہی ہاتھوں سے

قریب اپنے انہیں اے چارہ گر کچھ دیر رہنے دو

عروج علم و فن کی روشنی کی آس تھی شوکت

سحر کے خواب کا مجھ پر اثر کچھ دیر رہنے دو


غلام فرید شوکت

No comments:

Post a Comment