Monday, 21 October 2024

مبارک باد پھولوں کے لیے اور خار پر لعنت

 مبارک باد پھولوں کے لیے اور خار پر لعنت

ارے مالی اصولوں پر تِرے کردار پر لعنت

جو حاصل ہے وہی کافی ہے بس میرے گزارے کو

کروں میں شکریہ اس پار کا اس پار پر لعنت

وہ جس کی دید سے آنکھوں کی بینائی چلی جائے

تو اس حُسن سراپا کے ہے پھر دیدار پر لعنت

ہمارے زہر نے دیکھو یہاں منظر بدل ڈالے

سپیرے نے کہا اجگر تِری پھنکار پر لعنت

حفاظت کر نہیں سکتا ہے جو اپنے قبیلے کی

کوئی کیسے نہیں بھیجے گا اس سردار پر لعنت

کسی مظلوم کی خاطر اگر یہ اٹھ نہیں سکتی

تو ہے پھر زنگ آلود آپ کی تلوار پر لعنت

نہ تُو ہی ہے مِرے گھر میں نہ ہے تصویر ہی تیری

بھلا کیسے نہ بھیجوں پھر در و دیوار پر لعنت

سمجھداری سے اپنی ریس جیتی ایک کچھوے نے

ارے خرگوش! تیری چال پر، رفتار پر لعنت

اگرچہ سال کے باون دنوں اس سے بچھڑنا ہے

تو پھر ہر اک مہینے کے ہر اک اتوار پر لعنت

اگر لوگوں میں نفرت بانٹنا ہے شاعری تیری

تو اے اجول! تِری محفل تِرے اشعار پر لعنت


اجول وششٹھا

No comments:

Post a Comment