Tuesday, 29 October 2024

قید آپ اپنے ہی میں رہا ہوں غلط نہیں

 قید آپ اپنے ہی میں رہا ہوں غلط نہیں

میں صورت خیال جیا ہوں غلط نہیں

پانی کا بلبلہ ہے حقیقت میں زندگی

پھر بھی میں واہموں میں پڑا ہوں غلط نہیں

آئینہ دیکھتا ہے مجھے آئینے کو میں

یوں عکس عکس ٹوٹ گیا ہوں غلط نہیں

سائے کو میرے دیکھ کے یہ مان لیں گے آپ

میں آپ اپنے قد سے بڑا ہوں غلط نہیں

پریمی اگر کہوں کہ کسی کے بغیر میں

خود سے بھی اجنبی ہی رہا ہوں غلط نہیں


پریمی رومانی

No comments:

Post a Comment