Thursday, 31 October 2024

یہ قدم قدم تأمل یہ تھکے تھکے ارادے

 یہ قدم قدم تأمل یہ تھکے تھکے ارادے

کہو میرِ کارواں سے کہ حدی کی لے بڑھا دے

بخوشی قبول کر لوں مجھے تو اگر سزا دے

تِرے آستاں سے لیکن کوئی غیر کیوں اٹھا دے

سرِ بزم اے مغنّی! مجھے تُو نہ دے سکے گا

وہ سکوت کا ترنّم جو ضمیر کو جگا دے

ہوئیں مدتیں کہ دل ہیں خلش طلب سے خالی

ابھی ہنس پڑیں شگوفے جو نسیم گُد گدا دے

یہی فتحِ آرزو ہے کہ شکستِ آرزو سے

تگ و تازِ آرزو کے نئے سلسلے ملا دے

غمِ زندگی سے کہہ دو کہ رہے جلو میں ورنہ

غمِ دل سبک عناں ہے غمِ دل کو راستہ دے

میں وطن کی ناشناسی اسی بے زباں سے پوچھوں

جو کچل گئی ہے مالی وہ کلی مجھے اٹھا دے

مِرے ہم نشین! اگر تُو مِرا ہم سفر نہیں ہے

میں چلا، خدا تجھے بھی دلِ درد آشنا دے

یہ کمالِ زندگی ہے کہ جب آفتاب ڈوبے

تُو فلک کو نور دے کر نئی انجمن سجا دے

عجب امتحاں ہے کوثر یہ تمیزِ خیر و شر بھی

وہی آگ دے اجالا، وہی بستیاں جلا دے


رشید کوثر فاروقی

No comments:

Post a Comment