Thursday, 7 November 2024

مجھ کو میری ذات کے زندان میں رکھا گیا

 مجھ کو میری ذات کے زندان میں رکھا گیا

یعنی ہر لمحہ مجھے نقصان میں رکھا گیا

وقتِ رخصت موسمِ گل کی بھی یوں تکریم کی

پھُول جو ٹوٹے اُنہیں گُلدان میں رکھا گیا

جس کے آ جانے سے یہ اشعار زندہ ہوگئے

ایک ایسا لفظ بھی دیوان میں رکھا گیا

مُنصفوں کو پھر کسی جانب جُھکاؤ نہ ملا

جب کبھی مجھ کو کسی میزان میں رکھا گیا

کم قدر سامان کی بھی قدر و قیمت بڑھ گئی

جب تمہارا خط مِرے سامان میں رکھا گیا

میری اپنے آپ سے کچھ دوستی ہونے لگی

جب مجھے اِک گوشۂ ویران میں رکھا گیا

کی گئی کچھ اِس طرح سے نسلِ نو کی پرورش

نفرتوں کے بیج کو اذہان میں رکھا گیا


یاسر رضا آصف

No comments:

Post a Comment