Tuesday, 19 November 2024

فقط اشیاء کی قیمت دیکھتا ہوں

 فقط اشیاء کی قیمت دیکھتا ہوں

میں سب حسبِ ضرورت دیکھتا ہوں

مِرا انکار بھی میرا نہیں ہے

میں بس تیری سہولت دیکھتا ہوں

وہ رستہ بھول جاتا ہوں سفر میں

جسے میں وقتِ رُخصت دیکھتا ہوں

نئی نعمیر مجھ سے اٹھ رہی ہے

میں ملبے میں عمارت دیکھتا ہوں

اٹھا لیتا ہوں اپنی جان کر میں

جہاں کوئی مصیبت دیکھتا ہوں

مرمت کر چکا ہوں کشتیوں کی

بس اب دریا کی نیت دیکھتا ہوں

تماشا گر کو زاہد! کیا بتاؤں؟

میں کس منظر کی نسبت دیکھتا ہوں


زاہد نبی

No comments:

Post a Comment