Tuesday, 19 November 2024

دل پر نگاہ ناز کا جادو جو چل گیا

 دل پر نگاہِ ناز کا جادو جو چل گیا

وہ سرحدِ شعور سے آگے نکل گیا

چھت پر مِری اترتی نہیں دھوپ آج کل

سورج مِرے خلاف کوئی چال چل گیا

لوگوں نے مجھ کو اپنی نظر سے گِرا دیا

جس دن سے میں خلوص کے سانچے میں ڈھل گیا

کیوں ہنستے ہنستے آنکھ سے آنسو نکل پڑے

کیوں یک بیک بہار کا موسم بدل گیا

گوہر جسے سمجھتے تھے سب لوگ شہر میں

پرکھا گیا اسے تو وہ پتھر نکل گیا

آئی تھی بن کے آگ مِرے واسطے بہار

جس پھول کو بھی میں نے چُھوا ہاتھ جل گیا

سچ بولتا نہیں ہے کوئی شخص آج کل

دیکھا جو میرا حشر زمانہ سنبھل گیا

 رکھتے تھے پھونک پھونک کے جب اپنا ہر قدم

رستے میں کیسے پاؤں تمہارا پھسل گیا

امید جن سے امن کی بارش کی تھی قمر

ان بادلوں کو وقت کا سورج نِگل گیا


قمر سیوانی

No comments:

Post a Comment