Wednesday, 13 November 2024

پھیلتے جاتے ہیں افسانے بہت

 پھیلتے جاتے ہیں افسانے بہت

ایک لیلیٰ کے ہیں دیوانے بہت

پینے والوں کو بقدرِ تشنگی

خود صدا دیتے ہیں میخانے بہت

وارداتوں میں سہولت کے لیے

کھل رہے ہیں جا بجا تھانے بہت

رہگزر سمٹی ہے گھبرائی ہوئی

پھر رہے ہیں لوگ انجانے بہت

صحبت پیرِ مغاں کا فیض ہے

منفعت منفی ہے نذرانے بہت

اگ رہے ہیں سازگاری کے سبب

سرکشوں کے کھیت میں دانے بہت

یاد آ جاتے ہیں مجھ کو ان دنوں

دیکھ کر شہروں کو ویرانے بہت

ایک برے انجام سے دو چار ہوں

جب ہوئے دشمن سے یارانے بہت

تم کسی کی بات سنتے ہی نہیں

آ رہے ہیں لوگ سمجھانے بہت

سرزنش، دھمکی، تشدد، باز پرس

مجھ پہ عائد ہیں یہ جرمانے بہت

اب ٹھکانا ہی نہیں مرغوب کچھ

آشنا تھوڑے ہیں، بیگانے بہت


میاں مرغوب

No comments:

Post a Comment