Tuesday, 8 September 2020

اب برق جہاں سوز ہی کچھ فیصلہ کر جائے

اب برقِ جہاں سوز ہی کچھ فیصلہ کر جائے
دنیا پہ قیامت جو گزرتی ہے گزر جائے
اللہ رے انسان کہ وہاں سے بھی گزر جائے
جبریلِ امیں کی بھی جہاں تک نہ نظر جائے
ہے ہے میری تقدیر کہ نقشِ قدم ان کا
آئینۂ دل چھوڑ کے پتھر پہ اتر جائے
اس شورش و شر کشمکشِ زیست میں اک دن
ڈرتا ہوں کہ انسان! تِری روح نہ مر جائے
کیسی صحر آئی کہ دعا مانگ رہا ہوں
پھر سے وہی شب آئے الہیٰ یہ سحر جائے
مسند سے اگر خود ہی اتر جائیں شہنشاہ
ممکن ہے کہ آیا ہوا طوفان اتر جائے
گردوں میں فرشتے ہیں زمیں پر ہیں زمیندار
اب جائے تو دریوزہ گر انسان کدھر جائے
دل کے لیے ہی کوئی نئی بات نہیں ہے
مر کر کبھی جی جائے تو جی کر کبھی مر جائے
دونوں ہیں وطن دار ارم واعظ و ساقی
اب کوئی بتاؤ! دلِ دیوانہ کدھر جائے
حیرت مجھے تصویر سے اندیشہ لگا ہے
آنکھوں سے کہیں شیشۂ دل میں نہ اتر جائے

حیرت بدایونی

No comments:

Post a Comment