Monday, 2 November 2020

ہوئیں بارشیں کرم کی اسی وقت آسماں سے

 ہوئیں بارشیں کرم کی اسی وقت آسماں سے

جو لپٹ کے رو دئیے ہم تِرے سنگِ آستاں سے

جو بیاں ہو ان سے قاصد تو ذرا سنبھل سنبھل کر

انہیں اضطراب ہو گا، میرے غم کی داستاں سے

یہ فریب ہے مثالی، کہ ہیں دونوں ہاتھ خالی

مجھے مل سکا نہ کچھ بھی میری عمرِ رائیگاں سے

مجھے ساتھ ساتھ رکھا، اسی دن کے واسطے کیا

نہ چھڑائیں اب وہ دامن، میرے دستِ ناتواں سے

میری بات تُو جو مانے، تو یہ چھوڑ دے بہانے

جو نہیں سے بات بگڑی، وہ سنوار ایک ہاں سے

ابھی حوصلے نکالو، ابھی اور کچھ ستا لو

تمہیں پھر پتہ چلے گا، جو ہم اٹھ گئے جہاں سے

اسے جانتی ہے دنیا،۔ اسے مانتا ہے عالم

جو نصیر کو لگن ہے تیرے سنگِ آستاں سے


سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment