Tuesday, 13 April 2021

بجھتے ہوئے چراغ کی سوغات ہی تو ہیں

 بجھتے ہوئے چراغ کی سوغات ہی تو ہیں

ہم آسمانِ درد کی اک رات ہی تو ہیں

تفسیر لکھتے رہتے ہیں اپنے وجود کی

ہم کیا ہیں صرف اپنے خیالات ہی تو ہیں

کیوں ہیں کہاں سے آئے ہیں کس سمت جائیں گے

خود اپنے آپ سے یہ سوالات ہی تو ہیں

سچ کیا ہے جھوٹ کیا ہے کرے کون فیصلہ

لوگوں کے اپنے اپنے مفادات ہی تو ہیں

میں ان سے خود لڑوں گا برائے مصالحت

اچھے ہیں یا بُرے مِرے حالات ہی تو ہیں

دروازہ دوستی کا کروں کیوں میں اس پہ بند

تھوڑی سی مجھ کو اس سے شکایات ہی تو ہیں

جو اس نے کہہ دیا وہی کہنے لگے ہیں لوگ

یہ اس کی گفتگو کے کمالات ہی تو ہیں

اک رات، اک چراغ، اک آہٹ، اک انتظار

یہ سب اُداسیوں کی مراعات ہی تو ہیں


اشفاق حسین

No comments:

Post a Comment