Saturday, 17 April 2021

سرخ رو لکھا جائے

 سرخرو لکھا جائے


تھامتے قلم لیکن

کانپتے سے ہاتھوں کو

بے شمار جھُریوں میں

ادھ چھُپے سے چہرے کو

سیاہ گھٹا سے بالوں میں

پھیلتی سی چاندی کو

اور ناک پہ سجی ہے جو

بے بسی کی عینک کو

دیکھ کر خیال آیا

گو کہ اس مسافت میں

ہم دور تک نکل آئے

اور کتابِ زیست کے بھی چند اوراق باقی ہیں

تو کیوں ناں آج اٹھ کے ہم

ان کو پھر سے دُہرا لیں

کیا عجب زمانہ ہے

خوبصورت لمحوں کا

دلنشیں فسانہ ہے

اور یہ کتابِ زیست کا

کچھ آخری سا حصہ ہے

سوچ گہری آنکھوں میں

زرد زرد چہرہ ہے

ضبط کے سلیقے ہیں، آنسوؤں پہ پہرا ہے

سر نِگوں سراپا ہے

دلنشیں جوانی پہ ڈولتا بُڑھاپا ہے

سب عکس دُھندلے ہیں

زندگی کی راہوں میں

جو کھویا ہے یا پایا ہے

سب حساب لکھا ہے

ذکر ہر حقیقت کا، ہر سراب لکھا ہے

سوچتی ہوں اب کتابِ زیست کے حوالے سے

جو اوراق باقی ہیں

ان پہ آنے والا کل

اب نہ جانے کیا لکھے

ہاں مگر اک خواہش ہے

اس کتابِ زیست کا

باب آخری جو ہے

سبز روشنائی ہے

سرخرو“ لکھا جائے”

آسمان والے سے داد کی سند پائے


نسرین سحرش

No comments:

Post a Comment