Wednesday 26 May 2021

اس دشت آرزو میں بکھرنے تو دے مجھے

 اس دشتِ آرزو میں بکھرنے تو دے مجھے

اعلان وحشتوں کا وہ کرنے تو دے مجھے

یہ میرا مسئلہ ہے کہ کیسے کروں قیام

پہلے وہ اپنے دل میں اُترنے تو دے مجھے

دیکھے تو ایک بار کبھی وہ بھی پیار سے

تکمیل اپنی ذات کی کرنے تو دے مجھے

پھر دل سے کر رہی ہے کوئی اور سازباز

اے خواہشِ وصال نکھرنے تو دے مجھے

نکھریں گے اور دیکھنا پھر میرے خد و خال

آنکھوں کے آئینے میں سنورنے تو دے مجھے

اک پل سہی پر آنکھ سے یونہی گزر نہ جا

کچھ رنگ آرزوؤں کے بھرنے تو دے مجھے

قطرے سے میں بنوں گی سمندر مگر صدف

یہ شرط ہے وہ جاں سے گزرنے تو دے مجھے


صغرا صدف

صغریٰ صدف

No comments:

Post a Comment