حوصلہ کام نہ کچھ شوق ہی کام آتا ہے
ایک ایسا بھی محبت میں مقام آتا ہے
دیدہ و دل کے لیے سخت مقام آتا ہے
جب لبِ بام کوئی ماہِ تمام آتا ہے
نیتِ توبہ وہیں ٹوٹ کے رہ جاتی ہے
جب سرِ شام گھٹاؤں کا پیام آتا ہے
جانے کیوں جانبِ منزل نہیں اُٹھتے ہیں قدم
شاید اے دل! کوئی دُشوار مقام آتا ہے
پھر کوئی آبلہ پا گرمِ سفر ہے شاید
دشت کے نام بہاروں کا پیام آتا ہے
منزلیں ہیں کہ گُزرتی ہی چلی جاتی ہیں
دیکھنا یہ ہے کہاں اِذنِ قیام آتا ہے؟
خود ہی کھُل جاتا ہے میخانے کا دروازہ حسؔن
جب نگاہوں کو نگاہوں کا پیام آتا ہے
ہائے وہ منظرِ پُر درد کہ جس وقت حسؔن
اُن کی نم ناک نگاہوں کا پیام آتا ہے
حسن چشتی
No comments:
Post a Comment