Friday, 9 July 2021

جیسے رگ رگ میں کوئی میخ گڑی ہے اب کے

 جیسے رگ رگ میں کوئی میخ گڑی ہے اب کے

روح تک بھی کہیں مصلوب پڑی ہے اب کے

رُخ پہ کچھ رنگِ شفق اور بھڑک اُٹھا ہے

ایک بے باک نظر ضِد پہ اَڑی ہے اب کے

ایک موہوم سی آہٹ کا سہارا ہے مجھے

ورنہ تنہائی تو شِدت کی پڑی ہے اب کے

من کی زرخیزیاں کچھ اس سے سوا چاہتی ہیں

ورنہ برسات تو چوکھٹ پہ کھڑی ہے اب کے

میں نے مانگے تھے ستارے تِری راہوں کیلئے

آسمانوں سے مگر خاک جھڑی ہے اب کے

ایک پتے کے کھڑکنے سے لرز اُٹھتی ہوں

راہِ اسرار جو پاؤں میں پڑی ہے اب کے

صائمہ گزری ہوں اس کرب سے ہنس کر اکثر

پر تِرا ہجر قیامت کی گھڑی ہے اب کے


صائمہ اسحاق

No comments:

Post a Comment