Tuesday, 3 August 2021

حاصل‌ فن ہے بس کلام کی داد

 حاصل‌ِ فن ہے بس کلام کی داد

ورنہ ملتی ہے سب کو نام کی داد

کس قدر بے رخی سے ملتا ہے

دشمنِ جاں! تِرے سلام کی داد

جرم غربت پہ جا کے لگتا ہے

ویسے بنتی ہے اس نظام کی داد

خوب صورت ہے کائنات بہت

خالقِ حسنِ انتظام کی داد

عشق ملتا ہے ہجر کے ہی عوض

اے دکاں دار تیرے دام کی داد

مے کدے سے نکلتے ملتی ہے

ہوش والوں کو میرے جام کی داد

آپ نے نقص تو نکالا نہیں

آپ کی داد کب ہے کام کی داد

سہتی رہتی ہوں وحشتیں مریم

صبح ملتی ہے مجھ کو شام کی داد


مریم ناز

No comments:

Post a Comment