Thursday, 20 January 2022

فضول راز محبت کا سب چھپاتے ہیں

 فضول راز محبت کا سب چھپاتے ہیں

بجھائے جو نہ بجھے آگ وہ بجھاتے ہیں

میں جتنا راہِ محبت سے ہٹتا جاتا ہوں

وہ اتنے ہی مِرے نزدیک آئے جاتے ہیں

سنبھال جذبۂ خودداریٔ دلِ محزوں

کسی کے سامنے پھر اشک آئے جاتے ہیں

تمہارے حسن کے جلووں کی شوخیاں توبہ

نظر تو آتے نہیں دل پہ چھائے جاتے ہیں

ہزار حسن کی فطرت سے ہو کوئی آگاہ

نگاہِ لطف کے سب ہی فریب کھاتے ہیں

شکستہ دل ہی کے نغمے تو ہیں وہ اے جذبی

جنہیں وہ سنتے ہیں اور جھوم جھوم جاتے ہیں


معین احسن جذبی

No comments:

Post a Comment