Tuesday, 1 March 2022

جب پورب پچھم اس کے ہیں دن رات پہ جھگڑا کاہے کا

 جب پورب پچھم اس کے ہیں دن رات پہ جھگڑا کاہے کا

سب تانا بانا اس کا ہے،۔ پھر کات پہ جھگڑا کاہے کا

تم سادھو ہو، کیا جوگی ہو، یا شُبھ چنتک ہو تاروں کے

جب چاند چڑھا سب دیکھیں گے پھر چھات پہ جھگڑا کاہے کا

ہم دل کی گُولک توڑ چکے،۔ اور جان لگا دی بازی پہ

جب سانس کی نقدی ہار گئے، پھر مات پہ جھگڑا کاہے کا

خود روگ لیا جب جیون کا، کیوں رنج کریں کیوں بین کریں

الزام دھریں کیوں قسمت پر،۔ حالات پہ جھگڑا کاہے کا

اس وحشی جی کی بِپتا کو وہ الہڑ گوری کیا جانے

جس بات کا اس کو بھید نہیں اس بات پہ جھگڑا کاہے کا

ہم پیت نگر کے کوچے میں اک ڈھونگ رچا کر آئے ہیں

اب ٹھکراوے یا بِھکشا دے، اس ہاتھ پہ جھگڑا کاہے کا


عاطف جاوید عاطف

No comments:

Post a Comment