Sunday, 17 April 2022

کچھ نہ کچھ عشق کی تاثیر کا اقرار تو ہے

کچھ نہ کچھ عشق کی تاثیر کا اقرار تو ہے

اُس کو الزامِ تغافل پہ کچھ انکار تو ہے

دیکھ لیتے ہیں سبھی کچھ تِرے مشتاقِ جمال

انہیں دیدار نہ ہو حسرتِ دیدار تو ہے

معرکے سر ہوں اِسی برقِ نظر سے اے حسن

یہ چمکتی ہوئی چلتی ہوئی تلوار تو ہے

عشق کا شکوۂ بے جا بھی نہ بے کار گیا

نہ سہی جور، مگر جَور کا اقرار تو ہے

تجھ سے ہمت تو پڑی عشق کو کچھ کہنے کی

خیر شکوہ نہ سہی شکر کا اظہار تو ہے

اِس میں بھی رابطۂ خاص کی ملتی ہے جھلک

خیر اقرارِ محبت نہ ہو انکار تو ہے

کیوں جھپک جاتی ہے رہ رہ کے تِری برق نگاہ

یہ جھجک کس لیے اِک کشتۂ دیدار تو ہے

کئی عنوان ہیں ممنونِ کرم کرنے کے

عشق میں کچھ نہ سہی زندگی بیکار تو ہے

چونک اٹھتے ہیں فراق آتے ہی اس شوخ کا نام

کچھ سراسیمگیِ عشق کا اقرار تو ہے


فراق گورکھپوری

No comments:

Post a Comment