Thursday 25 August 2022

لب پہ ہر دم حمد باری اور نبی کا نام ہو

عارفانہ کلام نعتیہ کلام

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

اے خدا! یہ مشغلہ میرا بھی صبح و شام ہو

اور مجھ سے دُور کوسوں گردشِ ایّام ہو

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

ہو گا اُنؐ کے فیض سے حاصل شعورِ زند‏گی

اُسوۂ آقاﷺ اگر بن جائے نورِ زندگی

رحمتِ کونین کا پھر کیوں نہ چرچا عام ہو

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

سنتِ آقاﷺ پہ چل کر دیکھ اے غافل کبھی

ہو ہی جائے گی سعادت دید کی حاصل کبھی

سرخرو دونوں جہاں میں اور خوش انجام ہو

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

بارشِ رحمت ہو روز و شب در و دیوار پر

بخش دے مولا مجھے ان نعتیہ اشعار پر

دشمنوں کا جھوٹا ثابت ہر خیالِ خام ہو

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

کل منور ہو گی مشکل میں بھی آسانی بہت

حشر میں ہو گا رخِ مدّاح نورانی بہت

کاش آقاؐ کے غلاموں میں بھی میرا نام ہو

لب پہ ہر دم حمدِ باری اور نبیﷺ کا نام ہو

منور جہاں

No comments:

Post a Comment