Monday 31 October 2022

کبھی ملی جو ترے درد کی نوا مجھ کو

 کبھی ملی جو تِرے درد کی نوا مجھ کو

خموشیوں نے مجھی سے کیا جدا مجھ کو

بدن کے سونے کھنڈر میں کبھی جلا مجھ کو

میں تیری روح کی ضو ہوں نہ یوں بجھا مجھ کو

میں اپنی ذات کی ہمسائیگی سے ڈرتا ہوں

مِرے قریب خدا کے لیے نہ لا مجھ کو

میں چپ ہوں اپنی شکست صدا کی وحشت پر

مجھے نہ بولنا پڑ جائے مت بلا مجھ کو

یہ میں تھا یا مِرے اندر کا خوف تھا جس نے

تمام عمر دی تنہائی کی سزا مجھ کو

بھٹک رہا ہوں میں بے سمت راستوں کی طرح

کسی بھی سمت کا ہو راستہ دکھا مجھ کو

ہر اک نے دیکھا مجھے اپنی اپنی نظروں سے

کوئی تو میری نظر سے بھی دیکھتا مجھ کو

سمو کے آنکھوں میں امڈی گھٹائیں اے آزاد

وہ ایک درد کا صحرا بنا گیا مجھ کو


آزاد گلاٹی

No comments:

Post a Comment