Monday, 31 October 2022

کچھ ترے ذکر سے کچھ تزکرۂ بادہ سے

 وارفتگی


کچھ تِرے ذکر سے کچھ تزکرۂ بادہ سے

جسم یخ بستہ کو تھوڑی سی حرارت تو ملی

کچھ اشارہ تو مِلا چاک گریبانی کا

موسمِ گُل سے نمٹنے کی جسارت تو ملی

موجۂ بادِ صبا کو رگِ جاں کرنے کی

غیب سے کوچہ نوردوں کو بشارت تو ملی

روزن و در کو کُھلا رکھنے کا موسم آیا

ٹُوٹتی رات میں کب کس کا پیام آ جائے

نیم شب، چُھپتا چھپاتا ہوا سناٹے میں

کس طرف سے کوئی آوارہ خرام آ جائے

نطق کو مُہر کرو، ہونٹ کو سی کر رکھو

بارے لب پر کوئی بے ساختہ نام آ جائے

لوگ وارفتگئ شوق کی، نالہ ہو کہ شعر

آج بھی شہر میں سنگین سزا دیتے ہیں

اور، منصور کی مانند، فقیہان کرام

ایک پیمبر کو بھی سُولی پر چڑھا دیتے ہیں


نوشاد نوری

No comments:

Post a Comment