Saturday, 12 November 2022

جانے کس خواب کا سیال نشہ ہوں میں بھی

 جانے کس خواب کا سیال نشہ ہوں میں بھی

اجلے موسم کی طرح ایک فضا ہوں میں بھی

ہاں دھنک ٹوٹ کے بکھری تھی مِرے بستر پر

اے سکوں لمس تِرے ساتھ جیا ہوں میں بھی

راہ پامال تھی چھوڑ آیا ہوں ساتھی سوتے

کوری مٹی کا گنہ گار ہوا ہوں میں بھی

کتنا سرکش تھا ہواؤں نے سزا دی کیسی

کاٹھ کا مرغ ہوں اب باد نما ہوں میں بھی

کیسی بستی ہے مکیں جس کے ہیں بوڑھے بچے

کیا مقدر ہے کہاں آ کے رکا ہوں میں بھی

ایک بے چہرہ سی مخلوق ہے چاروں جانب

آئینو! دیکھو مجھے مسخ ہوا ہوں میں بھی

ہاتھ شمشیر پہ ہے ذہن پس و پیش میں ہے

راز کن یاروں کے مابین کھڑا ہوں میں بھی


راج نرائن راز

No comments:

Post a Comment