Monday, 17 April 2023

کبھی بتاؤ جہاں پہ تم ہو وہاں پہ کیا ہے

 استفسار


کبھی بتاؤ

جہاں پہ تم ہو

وہاں پہ کیا ہے

کہ میں جہاں ہوں

بجز تغیّر

کسی بھی شے کی کوئی بھی تعریف

مستند ہے، نہ مستقل ہے

مجھے بتاؤ 

وہاں حقیقت زماں کی کیا ہے؟

ہمیشگی کی گھڑی کی سوئی

کدھر سرکتی ہے

یاں تو یکساں نہیں ہیں لمحے

نہ ان کی رفتار ہے برابر

اضافتوں سے اٹا ہوا ہے

اِدھر زمانِ جہاں کا پیکر

بتاؤ مجھ کو

کہ لامکاں میں

(جہاں کے تم ہو مکین)

کیسے پتہ ملے گا

کسی نفَس کا

تمہارے ہاں بھی ہماری مانند

بے مکانی کا روگ ہوتا ہے

کیا معین جہات میں 

تم بھی قید ہو

جیسے ہم یہاں ہیں

کہ تم ہو آزاد ان سلاسل سے

کچھ خبر دو

کہ لا جہاتی و شش جہاتی میں 

فرق کیا ہے

اور آرزو اک نئی جہت کی

وہاں بھی ممنوع تو نہیں ہے

میں اِس جہان و مکانِ فانی میں

سانس رکنے تلک رکا ہوں

اور اُس جہان و مکان جانب مسافرت ہے

جہاں پہ تم ہو

جہاں پہ تم ہو

وہاں پہ کیا ہے

مجھے بتاؤ


عمر عزیز

No comments:

Post a Comment