Saturday, 15 April 2023

حال دل کس کو سنائیں آپ کے ہوتے ہوئے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


حالِ دل کس کو سنائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

اور دَر پہ کس کے جائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میں غلام مصطفٰیﷺ ہوں یہ مِری پہچان ہے

غم مجھے کیوں کر ستائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

شانِ محبوبی دکھائی جائے گی محشر کے دن

کون دیکھے گا خطائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

زلفِ محبوب خدا لہرائے گی محشر کے دن

خوب یہ کس کی گھٹائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میں یہ کیسے مان جاؤں شام کے بازار میں

چھین لے کوئی ردائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

اپنا جینا اپنا مرنا اب اسی چوکھٹ پہ ہے

ہم کہاں سرکار جائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

کہہ رہا ہے آپ کا رب اَنتَ فِیھِم آپﷺ سے

میں انہیں دوں کیوں سزائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

یہ تو ہو سکتا نہیں ہے یہ بات ممکن ہی نہیں

میرے گھر میں غم آ جائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

کون ہے الطاف اپنا حال دل کس سے کہیں

زخم دل کس کو دکھائیں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میرے تو سب کچھ ہی آقاﷺ آپ ہیں صرف آپ ہیں

اور لو کس سے لگاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میرے دکھ کو اور کوئی چارہ گر سمجھے گا کیا

زخمِ دل کس کو دکھاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میں کسی حاتم کے آگے اک سوالی کی طرح

ہاتھ کیوں پھیلانے جاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میرے تو دکھ درد کے واحد مسیحا آپ ہیں

اور میں کس کو بلاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میں بہت شرمندہ ہوں اپنے گناہوں پر مگر

یہ حقیقت کیوں چھپاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

جو ستم مجھ پر ہوئے ہیں وقت کے ہاتھوں حضورﷺ

اور میں کس کو بتاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

میرے لہجے کی تڑپ کو اور پہچانے گا کون

نعت کس کو جا سناؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے

آپ کا اقبال میرے ساتھ ہے تو فکر کیا

رنجِ محشر کیوں اٹھاؤں آپﷺ کے ہوتے ہوئے


اقبال عظیم

No comments:

Post a Comment