پرونیٹ؛ ۔۔۔۔ بریکنگ نیوز
سرسوں کے کھیتوں پر سوروں کی یلغار جاری ہے
کچی شراب پینے والوں کے بچنے کا کوئی امکان نہیں
ہر نسخہ کیمیا کسی نئے نسخہ کی تیاری ہے
کھیتوں کی بربادی پر کسی کا بھی دھیان نہیں
رات کے پاس بارود اور بیان کا ذخیرہ ہے
روشنی کے بنک میں کچھ پھول ہیں اور خاموشی ہے
بزرگوں پر خاک ڈالنا پادریوں کا وطیرہ ہے
بھینس بڑی اور عقل دم توڑتی سرگوشی ہے
بیس کروڑ کفنوں کے لیے اظہار دلچسپی کے اشتہار چھپ چکے ہیں
بین اگر آنسوؤں کے بغیر ہوں تو ریا کاری ہے
کیلکولیٹر کے بٹن لاشیں جمع کر کر کے تھک چکے ہیں
اب ٹی وی پر بریکنگ نیوز بھی محض اداکاری ہے
تین لڑکے پہاڑ کی چوٹی پر پرچم لگا رہے ہیں
انہیں یقین ہے کہ فرشتے بستی والوں کو بچانے آ رہے ہیں
توقیر گیلانی
No comments:
Post a Comment