Saturday, 16 November 2024

ہر ایک فیصلہ دائم اٹل ہے قرآں کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہر ایک فیصلہ دائم اٹل ہے قرآں کا

نظامِ دہر میں جاری عمل ہے قرآں کا

نہ روک پائے گی اس کو کبھی کوئی ظلمت

تجلّیوں سے بھرا پَل بہ پَل ہے قرآں کا

لَحافظون کی آیت بتا رہی ہے ہمیں

کہ نورِ حرف و سخن لم یزل ہے قرآں کا

اسے بدلنے کی کوشش میں مٹ گئے لاکھوں

ہر ایک حرف مگر بے بدل ہے قرآں کا

رواں ہے مطلعِ عالم پہ مہرِ نو بن کر

ہر ایک رنگ سدا بر محل ہے قرآں کا

ہیں شاخِ دہر پہ تہذیب کے ثمر جتنے

بغور دیکھو یہ ہر ایک پھل ہے قراں کا

رہیں گی اس کو مٹانے کی سازشیں ناکام

کہ نُور آج ہے اور نُور کل ہے قرآں

تمام مسئلے، قرآن ہی سے سُلجھاؤ

جہاں میں سب سے اثر دار حل ہے قرآں کا

ہر اک فساد کو جڑ سے اکھاڑنا ہے جہاد

بقائے امن سدا ماحصل ہے قرآں کا

جہاں پہنچ نہیں سکتی نظر بھی طوفاں کی

بلند ایسا فریدی! جبل ہے قرآں کا


فریدی مصباحی

No comments:

Post a Comment