Sunday, 29 December 2024

قلب جس کا ذکر الا اللہ سے معمور ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


قلب جس کا ذکر الا اللہ سے معمور ہے

وہ غلامِ مصطفیٰؐ ہر دور میں منصور ہے

جس کی خود تعریف فرمائی خدائے پاک نے

آدمی اس کی کرے تعریف کیا مقدور ہے

فخرِ دنیا، فخرِ عقبیٰ، حاصلِ کون و مکاں

محرمِ ذاتِ الٰہی ہے، سراپا نور ہے

اس کی ہستی پرتوِ قدرت کی ہے پہلی کرن

جس کی تابانی سے بزمِ دو جہاں معمور ہے

کس طرح کھینچوں تِری تصویر اے حُسنِ تمام

میں سراپا محوِ حیرت، تُوﷺ سراپا نور ہے

اب مدینے میں بلا لیجے مِرے آقاﷺ مجھے

آپؐ کے در کا گدا کیوں آستاں سے دور ہے

کیجیے چشمِ کرم عظمت پہ یا شاہِ ہُدیٰﷺ

زندگی بے کیف ہے، بے رنگ ہے، بے نور ہے


عظمت بھوپالی

No comments:

Post a Comment