Tuesday, 31 December 2024

نعت کہنا نوید رحمت ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


نعتﷺ کہنا نوید رحمت ہے

اس سے بڑھ کر کوئی سعادت ہے

آپﷺ کیا آ گئے تصور میں

دل ہے نازاں چمکتی قسمت ہے

با وضو ہو کے نام لیتا ہوں

نعتﷺ کہنا مِری عبادت ہے

حور و غلماں درود پڑھتے ہیں

آپﷺ کے نام کی یہ حُرمت ہے

آپﷺ جس دل میں ہو گئے ساکن

اس کو دنیا کی کیا ضرورت ہے

فکر کیا ہو مجھے قیامت کی

جب وہاں آپﷺ کی شفاعت ہے

درد امت کا جاگزیں دل میں

آپﷺ کو ہم سے کتنی چاہت ہے

آپﷺ کے ذکر سے مِری دنیا

زیب و زینت میں رشکِ جنت ہے

ہے درودوںﷺ کا پاس سرمایہ

اس سے بڑھ کر بھی کوئی دولت ہے

ہاتھ باندھے کھڑا ہے نازی بھی

بندہ حاضر ہے، کوئی خدمت ہے


عبدالطیف نازی

No comments:

Post a Comment