Tuesday, 31 December 2024

شور احساس میں ایسا ہے کہ محشر کہیے

شور احساس میں ایسا ہے کہ محشر کہیے

ہر نئے شہر کو چیخوں کا سمندر کہیے

دن کا صحرا یہ سیہ دھوپ کے امنڈے لشکر

دل کو تپتے ہوئے نیزے پہ گلِ تر کہیے

نم سہی پھر بھی تو مرجھا گئے جھیلوں میں کنول

ان ہواؤں کو دبی آگ کی چادر کہیے

رات دن برسے ہیں پھولوں میں مگر پیاس رہی

کیسے بادل ہیں انہیں زہر کی گاگر کہیے

درد بے درد ہے بے حس ہیں حسوں کے پیکر

دل کی آواز ہے شیشوں کو بھی پتھر کہیے

فکر و غم سب کے مکانوں میں بسے ہیں یکساں

شیش محلوں کو مرے گھر کے برابر کہیے

وہ جو آ جائیں محبت کا اجالا بن کر

چاند کو رنگ بھری رات کا جھومر کہیے

آسماں پر ہے یہ اسرار زمیں پر ہی کبھی

دل کو آفاق میں اڑتا ہوا شہ پر کہیے


اسرار اکبرآبادی

سید اسرار حسین

No comments:

Post a Comment