تمہاری جو چشمِ کرم ڈھونڈتے ہیں
وہی دل میں داغِ الم ڈھونڈتے ہیں
محبت کی بازی کبھی وہ نہ ہارے
خوشی کے بجائے جو غم ڈھونڈتے ہیں
ہوئے جن کی خاطر زمانے میں رُسوا
انہی کو خدا کی قسم ڈھونڈتے ہیں
جبینِ محبت پہ لازم ہیں سجدے
سدا تیرا نقشِ قدم ڈھونڈتے ہیں
تِرے عشق میں گم ہوئے ہیں ہم ایسے
کہ لکھنے کو کاغذ قلم ڈھونڈتے ہیں
کبھی سامنے جو ہمارے نہ آئے
انہی کو تصور میں ہم ڈھونڈتے ہیں
نظیر! ہم کو اتنی خوشی راس آئی
کہ ہم ہر گھڑی غم کے غم ڈھونڈتے ہیں
نظیر رامپوری
سید نظیر علی
No comments:
Post a Comment